آپ کی سالگرہ پر کونسی کائناتی دریافت ہوئی؟ پوچھئے ناسا سے
پیساڈینا، کیلیفورنیا: ناسا کی جانب سے انسانی تاریخ کی سب سے کامیاب خلائی دوربین کا اپنے سفر میں کوئی دن ایسا نہیں گزرا جب اس نے کوئی اہم شے دریافت نہ کی ہو، زمین کے گرد مدار میں گردش کرتے ہوئے اس زبردست دوربین نے خلا کے ان دیکھے مقامات کو ظاہر کیا اور ہماری معلومات میں گراں قدر اضافہ کیا ہے۔ اب اس کا پورا ڈیٹا بیس ایک جگہ موجود جسے دیکھ کر آپ اندازہ کرسکتے ہیں کہ آپ کی سالگرہ پر ہبل نے کیا اہم دریافت کی تھی۔
ہبل کی جسامت ایک اسکول بس جتنی ہے جو زمین کے گرد 27 ہزار کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے گردش کررہی ہے۔ زمین کی فضا، بادل اور آلودگی سے پاک یہ دوربین اب تک 14 لاکھ مشاہدات کرکے کئی اہم ستارے، سیارے، کہکشائیں، کوزار اور پلسار دریافت کرچکی ہے۔
ہبل کائنات کے بعید ترین مقامات کا جائزہ لے سکتی ہے اور یہاں تک کہ 13 ارب نوری سال کے فاصلے پر موجود غیرمعمولی اجسام دریافت کئے ہیں۔ ہبل نے سال کے 365 روز بلکہ ہر روز اور ہر گھنٹے کسی نہ کسی کام میں مصروف رہی اور کچھ نہ کچھ دریافت ہی کیا۔ اب اس کا ایک پورا ڈیٹا بیس بن چکا ہے جو سال کے 365 دنوں کی مناسبت سے ہے۔
اس طرح ہبل کی تیسویں سالگرہ پر ناسا نے ایک دلچسپ ویب سائٹ بنائی ہے جس کے ذریعے 30 برس تک کے افراد اپنی پیدائش کی تاریخ اور سال کا اندراج کرکے معلوم کرسکتے ہیں کہ ہبل نے عین اسی روز خلائے بسیط میں کیا اہم دریافت کی تھی۔
اس طرح سے آپ اپنی سالگرہ پر ایک اور اہم آسمانی واقعے کا اضافہ کرسکتے ہیں۔ اسی طرح ہبل نے پاکستان کی سالگرہ 14 اگست پر ایک کہکشاں دریافت کی تھی جس کا نام این جی سی 1808 ہے۔ اسی طرح آپ ہر تاریخ پر ہبل کی دریافت معلوم کرسکتے ہیں۔ اسی کے ساتھ مزید معلومات کا گوشہ بھی موجود ہے جس پر کلک کرکے آپ اس دریافت کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔
آپ کی سالگرہ پر کونسی کائناتی دریافت ہوئی؟ پوچھئے ناسا سے
Reviewed by Jago Pakistan
on
12:15 AM
Rating:
No comments