رشی کپور: بالی وڈ کے سینئیر اداکار کینسر کے خلاف جنگ ہار گئے
بالی وڈ کے معروف اداکار رشی کپور کا ممبئی کے ہسپتال میں انتقال ہو گیا ہے۔ ان کی عمر 67 برس تھی۔
رشی کپور کے بڑے بھائی رندھیر کپور نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔
اس سے قبل بدھ کے روز رندھیر کپور نے بتایا تھا کہ 'انھیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ سرطان کے مرض سے لڑ رہے تھے اور انھیں سانس لینے میں تکلیف کا سامنا تھا۔'
بدھ کی صبح طبعیت بگڑنے پر انھیں ممبئی کے ایچ این ریلائنس ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
فروری کے آغاز میں بھی رشی کپور کو طبعیت بگڑنے پر دو مرتبہ ہسپتال داخل کیا گیا تھا۔ رشی کپور گذشتہ برس سمتبر میں تقریباً ایک برس امریکا میں اپنا کینسر کا علاج کروا کر انڈیا واپس آئے تھے۔
رشی کپور نے بالی وڈ میں اپنے فنی و فلمی کیریئر کا آغاز سنہ 1973 میں فلم ’بوبی‘ سے کیا تھا جو کہ سپرہٹ قرار پائی تھی۔ اس کے علاوہ وہ شری 420 اور میرا نام جوکر جیسی بلاک بسٹر فلموں میں بھی بطور چائیلڈ فنکار آ چکے تھے۔
رشی کپور بالی وڈ کے مشہور کپور خاندان کے رکن تھے اور ماضی کے معروف اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر راج کپور کے دوسرے بیٹے تھے۔ ان کے چار بہن بھائی رندھیر کپور، ریتو نندا، رما جین اور راجیو کپور ہیں۔
رشی کپور بالی وڈ کے مشہور فلمی ہیرو رنبیر کپور کے والد تھے۔ ان کے لواحقین میں اہلیہ نیتو کپور، بیٹے رنبیر کپور اور بیٹی ردھیما ہیں۔
رشی کپور نے تقریباً 20 برس بالی وڈ کی فلموں میں بطور ہیرو کام کیا، ان کی موت کی اطلاع ملتے ہی سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا تانتا بندھ گیا۔
بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے بھی ان کی موت کی اطلاع اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دیتے ہوئے کہا
کہ ’وہ گزر گئے ہیں، رشی کپور کا انتقال ہو گیا ہے۔‘
کہ ’وہ گزر گئے ہیں، رشی کپور کا انتقال ہو گیا ہے۔‘
رشی کپور نے اپنی آخری فلم 'دی باڈی' میں عمران ہاشمی کے ساتھ کام کیا تھا جبکہ حال ہی میں انھوں نے سوشل میڈیا پر بالی وڈ کی اداکارہ دیپکا پڈوکون کے ساتھ اپنی نئی فلم کا اعلان کیا تھا۔ یہ فلم ہالی وڈ فلم 'دی انٹرن' کا ہندی زبان میں ری میک تھی۔
رشی کپور حالیہ کورونا وبا کے حوالے سے سوشل میڈیا پر آگاہی پھیلانے کے لیے بہت متحرک تھے۔
رشی کپور: بالی وڈ کے سینئیر اداکار کینسر کے خلاف جنگ ہار گئے
Reviewed by Jago Pakistan
on
10:59 PM
Rating:
No comments